اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کی 16 نومبر کو علاج کیلئے لندن روانگی کا امکان ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نے نواز شریف کے لئے وقت کی ڈاکٹرز سے خصوصی درخواست کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 16 نومبر کو علاج کیلئے لندن روانہ ہوسکتے ہیں، اس سلسلے میں ڈاکٹرزسے 18 نومبر کے لئے وقت لینے کی کوشش کی جارہی ہے، شہباز شریف نے ڈاکٹرز سے نواز شریف کے لئے وقت کی خصوصی درخواست کی ہے۔
خیال رہے حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا نام 48سے 72گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، نواز شریف کو ایئر ایمبولینس میں بیرون ملک لے جایا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیرون ملک علاج کے معاملے پر موجودہ بورڈ کی سروسزاسپتال میں میڈیکل بورڈ سے مشاورت جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پلیٹ لیٹس کم ہونے پرسفری مشکلات کے پیش نظرمشاورت کی گئی، سابقہ بورڈ نے نواز شریف کے 50 ہزار پلیٹ لیٹس ہونا ضروری قرار دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کےپلیٹ لیٹس کی تعداد 30 ہزارسےکم ہے، ان کو دل کی کچھ ادویات رکوائی گئی ہیں، دل کی ادویات بند کرانے سے بھی سفر میں مشکلات پیداہوسکتی ہیں، سفری مشکلات کم کرنے پر بورڈ دوا میں ردبدل کرے گا ، سابقہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو جینٹک ٹیسٹ تجویز کیا تھا۔
مزید پڑھیں : حکومت کا نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا بڑا فیصلہ
ذرائع کے مطابق نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے نیب اور وزارت داخلہ سے مشاورت ہوگی، مشاورت کےبعدنوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ کابینہ میں جائے گا اور پھر وفاقی کابینہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے گی جبکہ نواز شریف کی روانگی کے انتظامات کے لئے شہباز شریف کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دی تھی، درخواست نواز شریف کی فیملی کی جانب سے بیماری اور بیرون ملک علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی تھی ، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک علاج کے لئے جانا چاہتے ہیں۔
گذشتہ روز مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گر گئے ہیں اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، بار بار پلیٹ لیٹس کم ہونےکی وجہ معلوم نہیں ہورہی، نوازشریف کےعلاج کے لئے دستیاب سہولتیں استعمال کی جا رہی ہیں۔