اسلام آباد: آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے کہا ہے کہ سابق صدر کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے پی پی شریک چیئرمین کی انجیو گرافی کا مشوره دیا ہے، ان کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا ہے۔
عامر فدا پراچا کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو ماہر ڈاکٹر مہیا کیے جائیں، ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، آصف زرداری کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہ بنایا جانا ایک مجرمانہ فعل ہے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال کا میڈیکل بورڈ بھی کہہ چکا ہے کہ آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس میں اگرچہ بہتری آ ئی تھی تاہم ان کے ہاتھوں میں رعشے کے باعث کپکپاہٹ میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری، خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف زرداری کے لیے ایک پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا مطالبہ تسلسل کے ساتھ کیا جا رہا ہے لیکن حکومتی سطح پر اس سلسلے میں تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
آصف زرداری جعلی اکاؤنٹ کیس میں زیر حراست ہیں، ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے کیسز کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے، انھیں نیب کی درخواس پر جیل میں قید رکھا گیا ہے۔