کراچی: توہین عدالت کیس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا جواب بیرسٹر قاسم نواز عباسی نے جمع کروایا ہے، فردوس عاشق نے ایک بار پھر عدالت سے غیرمشروط معافی مانگ لی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتی ہوں، پاکستان کی ہر عدالت اور جج کا احترام کرتی ہوں، عدلیہ کی آزادی پریقین ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا اپنے جواب میں کہنا تھا کہ نواز شریف کی اپیل پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی۔
مزید پڑھیں: توہین عدالت کیس : فردوس عاشق اعوان کو ہفتے تک جواب داخل کرانے کا حکم
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مقدمے پر اثر انداز ہونے کا تاثر ملا ہے تو اس پر بھی معافی مانگتی ہوں، عدالت یا مقدمے پر اثر انداز ہونے کی نیت نہیں تھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ سماعت میں توہین عدالت کیس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے غیرمشروط معافی مانگی تھی ، جسے عدالت نے قبول کرلی تھی اور نیا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو ریلیف دینے کے لیے شام کو خصوصی طور پر عدالت لگائی گئی۔