اسلام آباد : وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ نیب کوبھجوا دی ، نیب نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر غیر مشروط طور پر مثبت جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیکل رپورٹ فراہم کی جائے۔
تفصیلات کے مطانق وزارت داخلہ کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ نیب کو بھجوا دی گئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لےرہا ہے، جائزہ لینے کے بعد نیب معاملہ وزارت داخلہ کو بھجوائے گی۔
یاد رہے 2 روز قبل سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق نیب نے وزیرداخلہ کو جوابی خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ قانونی رائے کے لئے وزارت قانون سے رابطہ کریں، مجرم نوازشریف کےخلاف متعدد مقدمات زیرالتواہیں، غیرمشروط طورپر مثبت جواب نہیں دے سکتے، میڈیکل رپورٹ نیب کو فراہم کی جائے، ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے مضبوط شواہد ہونے چاہییں۔
مزید پڑھیں : نیب کا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر مثبت جواب دینے سے انکار
خیال رہے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے تاحال نہ نکل سکا، سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی لندن روانگی منسوخ ہوگئی ہیں ، معاون خصوصی علی نواز اعوان کا کہنا ہے کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کی سمری آچکی ہے، منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سمری پر فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا نام 48سے 72گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، نواز شریف کو ایئر ایمبولینس میں بیرون ملک لے جایا جاسکتا ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں کہا تھا کہ نوازشریف کے ای سی ایل کا معاملہ نیب کے پاس ہے، نیب کی سفارش پر نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا اور نیب کی سفارش پر ہی ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا۔