اسلام آباد: موسم سرما کی آمد کے بعد ملک بھر میں درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد شہر قائد میں بھی بارش کی نوید سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، بابو سر ٹاپ میں درجہ حرارت منفی 8 اور فیئری میڈوز میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
استور میں منفی 4، گوپس میں منفی 3 اور ہنزہ میں منفی 2 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں علی الصبح شہر کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کا مطلع آج جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ شہر میں آج رات یا کل صبح سے ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور کراچی کے علاوہ بھی محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود جبکہ سندھ کے بعض اضلاع، شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخواہ میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کی پیشنگوئی کی ہے۔