اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اب نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، ن لیگ سیاست کے بجائے گارنٹی کا بندوبست کرے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے، شریف فیملی میں مسلم لیگ کی قیادت کے لیے جنگ جاری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اب نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، ن لیگ سیاست کے بجائے گارنٹی کا بندوبست کرے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی مثال آصف زرداری ودیگرملزمان بھی حاصل کرنا چاہیں گے، طریقہ کار اختیار کیے بغیر باہر بھیجنا عملی طور پر ناممکن ہے۔
حکومت نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے شریف فیملی میں مسلم لیگ کی لیڈرشپ کی جنگ جاری ہے لیکن نون لیگ اب نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کرے اور گارنٹی کا بندوبست کرے ،نواز شریف کی مثال آصف زرداری اور کئ دیگر ملزمان بھی حاصل کرنا چاہئں گے بغیر کوئ پراسس اختیار کئے بھیجنا عملی طور پر ناممکن
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 13, 2019
نوازشریف کے وکلاء کا ضمانتی بانڈز دینے سے انکار
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے معاملے پر وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر اور میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر ایاز بھی موجود تھے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکلاء نے ضمانتی بانڈز دینے سے انکار کردیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ حکومتی شرائط پر کسی صورت عمل نہیں ہوسکتا، اس کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔