سکھر: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے فرنٹ مین کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب کو انتہائی مطلوب ملزم جیک آباد سے پکڑا گیا،نیب سکھر نے کارروائی کرتے ہوئے اعجاز جاکھرانی کے فرنٹ مین ٹھیکیدارعبدالرزاق پہلوان بہرانی کو پکڑ لیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم پرٹھیکوں کی مدمیں کروڑوں روپےکی کرپشن کاالزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کے بعد نیب ٹیم کا عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر چھاپہ
نیب ٹیم نے گزشتہ ماہ 10 اکتوبر کو کراچی کے علاقے خیابان سحر میں مشہور ٹھیکے دار عبدالرزاق بہرانی کے گھر پر چھاپہ مار ا تھا تاہم وہ اس چھاپے سے قبل فرار ہوگیا تھا۔
نیب ٹیم نے گھر کی تلاشی لی اور مختلف دستاویزات چیک کیں،ٹیم نے گھر سے اہم ریکارڈ بھی تحویل میں لیا تھا، عبدالرزاق کے گھر پر چھاپہ اعجاز جاکھرانی کے گھر سے اہم ریکارڈ ملنے پر مارا گیا تھا۔
اس سے قبل سکھر اور کراچی کی مشترکہ نیب ٹیم نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اعجاز حسین جاکھرانی کے گھر پر چھاپہ مار کر مختلف فائلیں تحویل میں لے لی تھیں۔
اعجاز جاکھرانی کے گھر پر چھاپہ ان کے گرفتار کزن عباس جاکھرانی کی نشاندہی پر مارا گیا تھا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب کی 5 رکنی ٹیم نے گھر کی تلاشی لی اور اس دوران مختلف فائلیں تحویل میں لی گئیں۔