بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ن لیگ کا بیانیہ جھوٹا ہے، ان کو نواز شریف کی صحت نہیں پیسہ عزیز ہے، فردوس عاشق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے نواز شریف کو اغوا کرکے قید کر رکھا ہوا ہے، ایک حویلی گروی رکھنے کو تیار نہیں، انہیں صحت نہیں پیسہ عزیز ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے آج جھوٹ کا ایک پلندہ پیش کیا ہے، یہ تاثر دیا گیا کہ حکومت شریف فیملی سے تاوان لے رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے اس بیانیے کی مذمت کرتے ہیں، ان کا رویہ شرمناک اورافسوسناک ہے، انہوں نے شہبازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تاوان اغوا کار لیا کرتے ہیں، یہ لوگ نوازشریف کی صحت کیلئے یہ ایک حویلی گروی رکھنے کو تیار نہیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں ان کی صحت نہیں بلکہ پیسہ عزیز ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف خاندان نے نوازشریف کو اغوا کرکے قید کر رکھا ہے، احتساب کو یرغمال بنانے کیلئے وزیر اعظم کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، نواز شریف کوئی گولڈ میڈل یا ٹرافی جیت کر جیل میں نہیں گئے تھے، طویل مشاورت کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کابینہ نے فیصلہ کیا، مشاورتوں میں ن لیگ نمائندے بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے گمراہ کن پروپیگنڈا کیاجارہا ہے، نوازشریف کو مجرم عدالتوں نے قرار دیا حکومت نے نہیں، ن لیگ نے تاثر دیا کہ نوازشریف کو سزا غلط اور بری کیا تو ٹھیک ہے، شہباز شریف کے دہرے معیاراور دو بنانیوں سے قوم گمراہ نہیں ہوگی۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ کسی بھی بیمار شخص کیلئے بہتر جگہ اسپتال ہوتی ہے گھر نہیں، شریف فیملی نوازشریف کی صحت کے ساتھ فٹبال کھیل رہی ہے۔ حکومت نے نوازشریف کی صحت کیلئے سہولت دینے کا فیصلہ کیا، حکومت کی جانب سے ون ٹائم جانے کی سہولت دی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ای سی ایل پر نام ہونے کے باوجود نوازشریف کو جانے دیا جارہا ہے، حکومت نے قانون میں رہتے ہوئے نوازشریف کو سہولت کاری فراہم کی، آئینی اور قانونی قواعد و ضوابط پر حکومت فیصلہ کرے گی، بانڈ ایک گارنٹی ہے ایک اسٹام پیپر پر لکھ کر دینا ہے، یہ جرمانے عدالتوں نے نواز شریف پرعائد کیے ہیں، حکومت کہتی ہے جرمانہ نہ دیں بس اسٹام پیپر لکھ کر دے دیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں