سڈنی: آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ بال ٹیمپرنگ پر ایک سال کی سزا بھگتنے کے بعد ایک اور تنازع کی زد میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کو شیفلڈ شیلڈ میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرنا مہنگا پڑ گیا، ان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق اسٹیو اسمتھ کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں این ایس ڈبلیو اور ویسٹرن آسٹریلیا کے درمیان میچ جاری تھا کہ امپائر نے اسمتھ کو آؤٹ قرار دیا جس پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق تیس سالہ بلے باز نے مارکس اسٹونس کی گیند پر تھرڈ مین پر کھیلنے کی کوشش کی لیکن وکٹ کیپر نے کیچ کرلیا جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا تو اسمتھ آپے سے باہر ہوگئے اور امپائر کے فیصلے پر غصے کا اظہار کیا۔
Steve Smith guilty of dissent after his 1st innings dismissal in SCG Shield game pic.twitter.com/gHqqlMRNRE
— Daniel Brettig (@danbrettig) November 14, 2019
اسٹیو اسمتھ نے اپنے کیریئر میں 103 مرتبہ امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ ’مجھے آؤٹ قرار دیا گیا، آپ کو بعض اوقات مایوس ہونے کی اجازت ہونی چاہئے۔‘
میچ ریفری پیٹرل مارشل نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر اسمتھ پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسمتھ ساتویں آسٹریلوی کھلاڑی ہیں جو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں اس سے قبل مارکس ہیرس، گلین میکسویل ودیگر بھی اسی طرح کا رویہ اختیار کرچکے ہیں۔