اسلام آباد : پاکستان کو عالمی ماحولیاتی فنڈ کی سربراہی مل گئی، مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ گرین کلائمٹ فنڈ کی سربراہی ملنا بڑا اعزاز ہے ، سربراہی ملنے سے مزید فنڈز کا حصول آسان ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان نے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کرلیا، پاکستان کو عالمی ماحولیاتی فنڈ کی سربراہی مل گئی، جس کے بعد پاکستان اقوام متحدہ کے زیر انتظام 12رکنی بورڈ کا سربراہ ہوگا۔
#Pakistan elected 2 chair global #GreenClimateFund for 2 yrs – a big honor, responsibility n opportunity -well done @NaumanMFA 👍 @MoCCPak pic.twitter.com/fyQ2fIVH3W
— Malik Amin Aslam (@aminattock) November 15, 2019
مشیرماحولیات ملک امین اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا گرین کلائمٹ فنڈ کی سربراہی ملنابڑااعزازہے، پاکستان ماحولیات کے سب سے بڑے عالمی فنڈ کو چیئر کرے گا، اس سے فنڈز کے حصول میں آسانی ملے گی۔
ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ عالمی ممالک 100ارب ڈالر کا فنڈ مختص کریں گے، پاکستان اب تک 140ملین ڈالرز کا فنڈز لے چکا ہے، سربراہی ملنے سے مزید فنڈز کا حصول آسان ہو جائے گا، پاکستان 10ارب درخت اگانے کے لئے بھی معاونت حاصل کر سکے گا۔
خیال رہے عالمی بون چیلنج میں پاکستان کی جانب سے 10ارب درختوں کی سونامی مہم کے ذریعے جنگلات کی بحالی کی کوششوں کو سراہا گیا، پاکستان پہلا ملک ہے جس نے وسیع و عریض رقبے پر جنگلات کی بحالی کا عزم کیا تھا۔
مزید پڑھیں : عالمی سطح پرپاکستان بلین ٹری سونامی منصوبے کی پذیرائی
واضح رہے گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا، 5 سال میں پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب کرنا ہے، جو بھی خالی علاقے اور زمین ملے گی وہاں پر پودے لگائیں گے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حکومت سنبھالتے ہی کہا تھا کہ شجر کاری مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے، شجر کاری مہم تمام شہروں میں شروع کررہے ہیں، پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے۔
انہوں یہ بھی کہا تھا کہ اگردرخت لگانے نہ شروع کئے تو پاکستان ریگستان بن سکتا ہے، درخت نہ لگائے تو آلودگی کے مسئلے میں بھی اضافہ ہوگا، شجرکاری مہم کا مقصد آئندہ نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔