بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

میگا کرپشن کے مقدمات فیس نہیں، کیس کی پالیسی پر دیکھے جارہے ہیں ، چیئرمین نیب

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ایک قومی ادارہ ہےجس کی وابستگی صرف ملک وقوم سےہے، میگاکرپشن کے مقدمات  فیس نہیں کیس کی پالیسی پردیکھے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور آفس کا دوسرے روز بھی دورہ کیا ، جہاں چیئرمین نیب کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی نیب لاہور شہزادسلیم نے میگا کرپشن مقدمات، بدعنوان عناصر سے ریکوری سمیت چوہدری شوگر ملز کیس کا ریفرنس فائل کرنے سے متعلق بریفنگ دی۔

ذرائع نیب کے مطابق چیئرمین نیب کو پنجاب کے 9 میگاکرپشن کیسز سے متعلق آگاہ کیا گیا اور سیاست دانوں کے حوالے سے جاری کیسز میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ ڈبل شاہ کیس میں اربوں کی وصولی نیب لاہور کا تاریخی اقدام ہے، اس کیس میں ڈیڑھ ارب کی خطیر رقم متاثرین میں تقسیم کی گئی جبکہ ہاؤسنگ سیکٹر کے مقدمات سے اب تک کی پیشرفت پر مطمئن ہوں، نیب لاہور نے ہاؤسنگ سیکٹر کے54 ہزارمتاثرین کوحقوق دلوائے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی عوام بروقت نشاندہی کریں، دو سال کے دوران نیب لاہور نے 26 ارب مالیت پرمشتمل ریفرنسزعدالت میں دائرکئے اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نام پر لوٹے گئے 31ارب وصول کئےگئے۔

مزید پڑھیں : نیب نے چند ماہ میں 71 ارب کی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی، چیئرمین نیب

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے، جس کی وابستگی صرف ملک وقوم سے ہے، میگاکرپشن کےمقدمات فیس نہیں کیس کی پالیسی پردیکھے جارہے ہیں، میگاکرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

گذشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے لاہور میں نیب افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار کے خلاف 50 کروڑ کی رقم بینک اکاؤنٹ سے برآمد کی، ان کا 4 کنال کا گھر پنجاب حکومت کو دیا جارہا ہے، اسحاق ڈار کا گھر فروخت کرکے رقم قومی خزانے میں جمع ہوگی جبکہ اکرام نوید سے ایک ارب مالیت کی جائیدادیں برآمد ہوئی ہیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کہ نیب افسران کی کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہے، مقدمات کی تحقیقات وائٹ کالر کرائم کے زمرے میں آتی ہے، میگا کرپشن کی تحقیقات میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، نیب افسران کسی بھی دباؤ کے بغیر اپنے فرائض انجام دیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں