کراچی: شہر قائد کے علاقے دھوراجی میں مسجد میں شہری کو لوٹنے والے 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھوراجی کے علاقے کی ایک مسجد میں شہری کو لوٹنے والے ملزمان پولیس کی پکڑ میں آ گئے، 9 نومبر کو شہری سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی دکھائی گئی تھی۔
ایس ایس پی نعمان صدیقی نے بتایا کہ پکڑے گئے ملزمان نے شہری سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹے تھے، شہری رقم بینک میں جمع کرانے گیا تھا لیکن وقت ختم ہونے پر واپس جا رہا تھا، کہ ملزمان نے ان سے مسجد میں رقم لوٹ لی۔
پولیس کے مطابق ملزمان اقبال، رضوان اور محمد منیر بینک سے نکلنے والوں کو لوٹتے تھے۔
دریں اثنا، ایس آئی یو نے ایک اور کارروائی میں بھی 4 ڈاکو گرفتار کر لیے ہیں، ایس ایس پی نعمان صدیقی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہے، ملزمان میں ابراہیم، عجب خان، امیر بخش اور امتیاز شامل ہیں، یہ گروہ اے ٹی ایم سے نکلنے والے شہریوں سے لوٹ مار کرتا تھا۔
آج ایک اور کارروائی میں فیروزآباد پولیس نے بہادرآباد پولیس کا جعلی اے ایس آئی گرفتار کیا ہے، جعلی اہل کار وسیم رضا کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جعلی اہل کار چیکنگ کے بہانے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث ہے، دوران تفتیش ملزم نے 15 وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔