کراچی : کراچی میٹرو پولٹن کارپوریشن ( کے ایم سی) کے محکمہ ویٹنری نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے زائد المعیاد اور مضر صحت گوشت ضبط کر لیا اور مضرصحت گوشت فروخت کرنیوالوں کیخلاف تھانہ مومن آبادمیں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی والوں کو مضر صحت گوشت کھلانے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ، کراچی میٹرو پولٹن کارپوریشن ( کے ایم سی) کے محکمہ ویٹنری نے آپریشن ڈسٹرکٹ ویسٹ میں فروخت کیا جانے والا زائد المعیاد اور مضر صحت گوشت ضبط کر لیا۔
ڈائریکٹر ویٹنری جمیل فاروقی کی سربراہی میں بنارس مارکیٹ ، مومن آباد ، اردو چوک اور صابری چوک کی گوشت مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار کلو زائد المعیاد اور پریشر والا گوشت ضبط کر لیا گیا ، اس دوران گوشت فروخت کرنے والے قصاب فرار ہوگیا ، آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
ڈائریکٹرویٹنری کا کہنا تھا کہ مضر صحت گوشت کو بریانی فروش ، شادی بیاہ کی تقریبات اور شہریوں کو فروخت کیا جاتا تھا ، ضبط کیے گئے دو ہزار کلو گوشت کو تلف کردیا گیا ہے اور سرکار کی مدعیت میں مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف مومن آباد تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کروادی گئی ہے۔
یاد رہے گذشتہ سال شہرِ قائد میں مضرِ صحت کھانا کھانے سے بچوں کی اموات کے بعد سیل کیے جانے والے ریسٹورنٹ کے خفیہ گودام پر فوڈ اتھارٹی نے چھاپے کے دوران زائد المیعاد کھانے پینے کی اشیا بر آمد کیں تھیں۔
ریسٹورنٹ کے دوسرے گودام پر چھاپے کے دوران 80 کلو سے زائد سڑا ہوا گوشت بھی بر آمد کیا گیا تھا، جس کے بعد، انکشاف ہوا تھا کہ ریسٹورنٹ میں 4 سال پرانا گوشت کھلایا جا رہا تھا، گودام سے ملنے والا گوشت 2014 میں درآمد کیا گیا جو 2015 میں ایکسپائر ہوگیا تھا۔