لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف ایئر ایمبولینس سے کل لندن روانہ ہوں گے، میاں شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ساتھ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے سابق وزیر اعظم کا تفصیلی معائنہ کیا، پلیٹ لیٹس کاؤنٹ مستحکم رکھنے کے لیے ہائی ڈوز اسٹیرائیڈز دی جا رہی ہیں، تاکہ وہ سفر کے قابل ہو سکیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کل علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں گے، ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ ایئر ایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر ہوگا، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل کی ٹیم بھی موجود ہوگی۔
خیال رہے کہ بیرون ملک علاج کے لیے اجازت ملنے کے بعد ڈاکٹرز سابق وزیر اعظم کو سفر کے لیے تیار کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ قائد محمد نواز شریف قوم کی دعاؤں میں کل علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں گے، نواز شریف کو بیرون ملک لے جانے کے لیے ائیر ایمبولنس کل پہنچے گی، شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان ان کے ہمراہ روانہ ہوں گے۔
قائد محمد نوازشریف قوم کی دعاوں میں (کل) منگل کو علاج کے لئے بیرون ملک روانہ ہوں گے
محمدنوازشریف کو بیرون ملک لیجانے کے لئے ائیر ایمبولنس کل پہنچے گی
شہبازشریف اور ڈاکٹر عدنان محمد نوازشریف کے ہمراہ روانہ ہوں گے
ڈاکٹرز نے محمد نوازشریف کا تفصیلی طبی معائینہ کیا
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) November 18, 2019
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے محمد نوازشریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے ، پلیٹ لیٹس کی تعداد مستحکم رکھنے کے لیے ہائی ڈوز اسٹرائیڈز دی جارہی ہیں تاکہ جسم میں پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے جبکہ ہائی بلڈ شوگر، ہارٹ اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لئے بھی دوائیں دی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس اس محفوظ سطح پر رکھنے کو یقینی بنارہے ہیں کہ ہوائی سفر میں کوئی طبی مسئلہ پیدا نہ ہو
سٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز کے ساتھ دیگر ادویات بھی ردوبدل کے ساتھ استعمال کی جارہی ہیں
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) November 18, 2019
دوسری جانب خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف براستہ دوحالندن پہنچیں گے، نواز شریف کو خاندان کا کوئی فرد ائیرپورٹ لینے نہیں جائے گا، ان کو پرائیویٹ گاڑی میں پارک لین فلیٹس لایا جائے گا ، جہاں ڈاکٹرزاور اسپتال سے وقت لیکر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق امید ہے کہ نواز شریف کل تک سفر کے قابل ہوجائیں گے، سابق وزیراعظم پہلے برطانیہ جائیں گے، ضروت پڑی توکسی اورملک جائیں گے۔