کراچی : نیو کراچی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب5رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا، ملزمان بینک سے کیش لے کر نکلنے والوں سے لوٹ مار کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث پانچ رکنی ڈکیت گروہ کو حراست میں لے لیا، مذکورہ گروہ پولیس کو سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان بینک سے کیش لے کر نکلنے والے لوگوں کا تعاقب کرکے ان سے لوٹ مار کرتے تھے۔
ملزمان میں نور محمد، عثمان،صدام، میواخان، شبیراحمد شامل ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان رات کے اوقات میں بھی گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں بھی کیا کرتے تھے، ملزمان نے دوران تفتیش50سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سےاسلحہ، چھینے گئے9عدد موبائل فون، چھینی گئی2موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں موبائل فون لوٹنے کی ڈبل سنچری کرنے والا جعلی پولیس اہلکار گرفتار
واضح رہے کہ کراچی پولیس نے اس سے قبل پولیس کی وردی میں موبائل چھیننے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا جس نے 200سے زائد موبائل فون جھیننے کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔