ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

عالمی برادری کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے، چیئرمین سینیٹ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطین، مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، عالمی دنیا کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ہالینڈ کے سفیر نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ میں دیرینہ،دوستانہ تعلقات ہیں، پارلیمانی تعلقات مربوط بنا کر معاشی روابط کو فروغ دیا جا سکتا ہے، باہمی تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمان اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے معاونت کو تیار ہے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافہ ضروری ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کی توجہ کی منتظرہیں، عالمی برادری بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے میں کردار ادا کرے۔

اس موقع پر ہالینڈ کے سفیر نے کہا کہ معاشی تعاون سے دیگر شعبوں میں روابط مربوط بنانے میں مدد ملے گی، تصفیہ طلب مسائل کا پر امن حل چاہتے ہیں۔

بعدازاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے فلسطین کے سفیر نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین کے معاملے پر مؤقف واضح ہے، فلسطین کےعوام کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔

صداق سنجرانی نے کہا کہ عالمی دنیا فلسطین، مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، عالمی دنیا کشمیر، فلسطین کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔

فلسطینی سفیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کا کردار ہمیشہ مثالی رہا، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسئلےکے حل کے لیے عالمی کاوشیں ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیرینہ مؤقف، معاونت پر فلسطینی قوم شکر گزار ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں