لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے باہر جانے کا ملکی استحکام سے تعلق نہیں، بدقسمتی سے وزیراعظم کی توجہ معاشی مسائل پرنہیں اور اتحادی بھی عوامی رائے کے دباؤ کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا نوازشریف کےباہرجانےکاملکی استحکام سےتعلق نہیں، سیاسی استحکام کا تعلق حکومتی کارکردگی سے ہوتاہے، غربت، مہنگائی ، بیروزگاری بڑھے گی تو عدم استحکام کا ذریعہ بنتی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومت کی معیشت پر توجہ نہیں ہے، وزیراعظم کہتے تھے کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، انھوں نے آدھی اپوزیشن تو اندر کردی ہے اب کارکردگی دکھائیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر افسوسناک تھی، حکومت کے اتحادی بھی عوام کا دباؤ محسوس کررہےہیں، اقتصادی شعبوں میں ناکامی حکومت کے زوال کا باعث بنےگی۔
مزید پڑھیں : ملک کےمسائل کا ایک ہی حل ہےکہ نئے الیکشن کروائے جائیں، احسن اقبال
گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے قبل احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ نوازشریف کو کمرشل فلائٹ سے جانا تھا مگر حکومت کے تاخیری حربوں کی وجہ سے ایئر ایمبولنس میں جانا پڑا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سینئر قیادت کو پارٹی کی ذمہ داریاں دی ہیں ، خواہش ہے نوازشریف جلد صحت یاب ہوکر واپس آسکیں، ملک کےمسائل کا ایک ہی حل ہےکہ نئے الیکشن کروائے جائیں۔