کراچی: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے 13 کنٹینروں پر مشتمل ٹماٹروں کی کھیپ سبزی منڈی پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچ گئے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔
سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 روپے تک آگئی، گزشتہ روز ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق ایک کنٹینرمیں 356 ٹن ٹماٹرموجود ہیں۔
ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔
سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد چوروں نے کھیتوں سے ٹماٹر چوری کرنا شروع کردیا ہے۔ وارداتوں میں اضافے کے بعد کسانوں نے کھیتوں میں اسلحہ بردار پہرے دار تعینات کردیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔