جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

مراد علی شاہ نے مجھ سے کہا تم کو دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے، ٹارگٹ کلر کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کی گرفتاری کے بعد اس کا ایک اور ویڈیو بیان سامنے آگیا، ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ مراد علی شاہ مجھ سے ملنے جیل آئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا نے انکشاف کیا ہے کہ میں دنیا کی نظر میں مردہ ہو چکا تھا، مجھے دوبارہ زندہ کیا گیا۔

یہ بات اس نے اپنے ایک اور ویڈیو بیان میں کہی، ملزم نے انکشاف کیا کہ سال2017مجھے قانون نافذ کرنیوالےادارے کے اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا۔

ملزم نے بتایا کہ جس دن گرفتاری ظاہر کی گئی اسی دن وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مجھ سے ملنے بھی آئے تھے، مراد علی شاہ نے کہا کہ تم دنیا کی نظر میں مر چکے ہو، اب تمہیں دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے۔

اس نے بتایا کہ گرفتاری کے دوران ندیم نصرت نے میرے ماورائے عدالت قتل کی جھوٹی خبر اڑا دی تھی جس کے بعد میرے گھر والوں نے مجھ سے ملتی جلتی لاش کو میرے نام سے شناخت کرلیا۔

ملزم نے مزید کہا کہ میری بیوی نے اس لاش کی تدفین کے بعد عدت بھی شروع کر دی تھی، گرفتاری کے93روز بعد مجھے چھوڑدیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : ایم کیوایم لندن کے گرفتار ٹارگٹ کلر کے بیان پر فاروق ستار کا ردعمل

واضح رہے کہ اس سے قبل دیئے گئے بیان میں یوسف ٹھیلے والا نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مجھے نائن زیرو پر روپوشی کاٹنے کیلئے کمرہ فراہم کیا تھا۔ ملزم کے اس بیان کی ڈاکٹر فاروق ستار نے تردید کرتے ہوئے مذمت بھی کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں