کراچی: مہنگے ٹماٹر خریدنے پر مجبور عوام کے لیے پھر سے خوش خبری سامنے آگئی، ایران سے ٹماٹر کی مزید درآمدگی کا سودہ طے پاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران سے 15 ہزار 5 سوٹن ٹماٹر پاکستان درآمد کیے جائیں گے، انتظامیہ نے درآمد کے لیے پرمٹ جاری کردیا، 12 سو 76 ٹن ٹماٹر کی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ روز ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔
سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 روپے تک آگئی، دو روز قبل ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز پہنچنے والے ٹماٹر کے ایک کنٹینر میں 356 ٹن ٹماٹر موجود تھے۔
خیال رہے کہ ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔
کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔