کراچی: سبزی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے سبزیوں کے غیر معمولی طور پر مہنگے ہونے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سندھ ہائی کورٹ میں سبزیوں کے نرخ میں اضافے اور سبزی منڈی میں بد انتظامی سے متعلق ایک کیس کی سماعت ہوئی جس میں سبزیاں مہنگی ہونے کی وجہ کا انکشاف ہوا۔
وکیل درخواست گزار کا عدالت میں کہنا تھا کہ سندھ میں ترمیمی ایکٹ کے بعد وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر مارکیٹ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، اس کمیٹی کی بد انتظامی سے روز سبزیوں کے نرخ میں ہوش ربا اضافہ ہو رہا ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا سندھ حکومت نے یہ کیا لگا رکھا ہے، اپنے ہی منظور کردہ قوانین پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد جو قانون منظور کیے گئے ان پر بھی عمل نہیں ہو رہا ہے۔
تازہ ترین: عوام کیلئے خوش خبری، ایران سے مزید ٹماٹر درآمد کیے جائیں گے
فاضل جج نے ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت سے پوچھ کر بتائیں کیا ہو رہا ہے۔ دریں اثنا، عدالت نے سیکریٹری زراعت، سیکریٹری قانون اور حکومت سندھ سے 10 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ ان دنوں بنیادی سبزیوں کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، ٹماٹر کی قیمت ساڑھے تین سو روپے تک پہنچ گئی تھی، غریب شہری پریشان ہیں کہ کیا کھائیں اور کیا نہ کھائیں۔ ٹماٹر کی قیمتیں معمول پر لانے کے لیے حکومت نے ایران سے ٹماٹر منگوانے شروع کر دیے ہیں۔