بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

فنڈز کی مانیٹرنگ کے لیے چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے: شوکت یوسفزئی

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام غریب افراد کے لیے ہے، قدرتی آفات کے بعد بحالی و مدد احساس پروگرام میں شامل ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ احساس پروگرام میں 134 منصوبے شامل ہیں۔ منصوبوں میں وفاق، صوبائی حکومت اور دیگر فریقین معاونت کریں گے، احساس پروگرام کے تحت ڈیجیٹل پیمنٹ کا طریقہ اپنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 120 لنگر خانے ملک بھر میں کام کر رہے ہیں، 80 ہزار افراد کو بلا سود قرض فراہم کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ بارشوں کے باعث 34 فیصد فصلوں کو نقصان پہنچا، 25 ہزار ٹن گندم خیبر پختونخوا پہنچ چکی ہے۔ صوبے کو 4.65 ملین ٹن گندم درکار ہوتی ہے۔ 3.46 ملین ٹن شارٹ فال ہے جو مختلف ذرائع سے پورا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیریٹی کمیشن سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بونیر میں ریسکیو 1122 کے دفاتر کی منظوری دی گئی۔ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے انصاف روزگار اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ پختونخوا میں ڈینگی کا دیگر صوبوں کے مقابلے میں زور کم رہا۔ کابینہ اجلاس میں کہا گیا صوبے میں ڈینگی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں