کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں پولیس ایسکارٹ میں چلنے والی بی ایم ڈبلیو کار کی حقیقت بتادی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ پولیس ایسکارٹ میں چلنے والی گاڑی میری نہیں بلکہ گورنر ہاؤس کی ملکیت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گاڑی سندھ حکومت نے 2008 میں خرید کر دی تھی، میرے پاس کوئی بی ایم ڈبلیو نہیں جب کہ ایسی گاڑیوں کا اصل نمبرسیکیورٹی کی وجہ سے ظاہر نہیں کیاجاتا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ میں ہر گاڑی کا نمبر چیک نہیں کرسکتا اس میں میری فیملی تھی، گاڑی کو جان بوجھ کر ٹی وی پر دکھایا گیا اور میری فیملی کو خطرے میں ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ناراضی الگ بات ہے لیکن مجھے وزیر اعلیٰ سے ایسی توقع نہیں تھی، سندھ حکومت نے جو کیا وہ درست نہیں تھا، پولیس اور خفیہ ایجنسیاں جانتی ہیں کہ گاڑی کس کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ریڈ زون میں بی ایم ڈبلیو گاڑی کے ساتھ پولیس موبائل گھومتی دکھائی دی تھی جس پر صوبائی وزیر ایکسائز نے اس گاڑی کو جعلی نمبر پلیٹ قرار دیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ بھی درج کرایا گیاتھا۔