ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے، آج بھی یہ محرومیوں کا شکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب اب بھی محرومیوں کا شکار ہے، سب سے زیادہ کاشت کار اور کسان پریشان ہیں، جنوبی پنجاب کے نوجوان بے روزگار ہیں، اسپتالوں میں عام آدمی کو علاج بھی نہیں ملتا۔
سراج الحق کا کہنا تھا طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے، آج بھی پی ٹی آئی کابینہ میں ملتان سے نمایندگی موجود ہے، پی ٹی آئی ہو یا ن لیگ، یا پیپلز پارٹی، جنوبی پنجاب سے متعلق پالیسیوں میں فرق نہیں آیا۔
انھوں نے کہا کل بھی جاگیرداروں کا سیاست میں قبضہ تھا آج بھی ہے، آج بھی سیاست، تھانے، پٹوار خانے یرغمال بنے ہوئے ہیں، لوگوں کے چہروں پر مایوسی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، عثمان بزدار
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہہ چکے ہیں کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں جان بوجھ کر پس ماندہ رکھا گیا، اب ہم نے یہاں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، عوامی فلاح کے لیے وہ کام کر رہے ہیں جو ماضی میں نہیں کیے گئے۔
انھوں نے کہا تھا تعلیم، صحت، صاف پانی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی ہے، پس ماندہ علاقوں کی ترقی اور خوش حالی کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔