کراچی: پاک بحریہ کے 2 جہازوں نے افریقی ملک موریطانیہ کا دورہ کیا، اس دوران مشن کمانڈر نے اہم ملاقاتیں کیں۔ پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت موریطانیہ میں میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی جہازوں ’معاون‘ اور ’اصلت‘ کی موریطانیہ میں آمد پر بندرگاہ نواکشوط میں میزبان بحریہ نے پاکستانی جہازوں کا استقبال کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مشن کمانڈر نے میزبان بحریہ اور سول حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک بحریہ کے سمندری تحفظ کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
مشن کمانڈر نے سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت موریطانیہ میں میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا۔ کیمپ میں 2 ہزار افراد کو علاج، آپریشنز اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
موریطانین عوام نے پاک بحریہ کے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو سراہا۔
بعد ازاں پاک بحریہ کے جہاز ’معاون‘ پر عشایئے کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔ عشایئے میں موریطانین بحریہ کے اعلیٰ حکام، سفارتی و مقامی شخصیات نے شرکت کی۔