سوات: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے، 5 سال میں سوات کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں گے، اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ مولانا اسلام کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلام کا نام لے کر ان کی سیاست کا خاتمہ کیا۔ ہم اپنے ایجنڈے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آئندہ دور بھی تحریک انصاف کا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایک دو سال میں ملکی حالات بہتر سمت میں ہوں گے، 35 کروڑ سے کبل اسپتال کو اپ گریڈ کریں گے۔ 5 سال میں سوات کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کھلاڑی ڈرنے والے نہیں۔ کبل میں خواتین کے لیے یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی اور بچوں کا اسپتال بنائیں گے۔ سیدو ایئرپورٹ پر پروازیں بھی شروع کریں گے۔