راولپنڈی: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے آسٹریلیا کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر کہا ہے کہ محمد عباس کو نہ کھلانا غلط فیصلہ تھا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے پاکستان کی آسٹریلیا سے شکست پر کہا کہ ٹیم نے کم بیک کرنے کی کوشش کی، اننگز کی شکست سے بچنا چاہئے تھا۔
شعیب اختر نے کہا کہ نسیم شاہ کی بولنگ اور بابر اعظم کی سنچری میچ کے مثبت پہلو ہیں۔
سابق کرکٹرز سلمان بٹ نے کہا کہ آسٹریلوی وکٹیں سمجھ کر بیٹنگ کرنا چاہئے تھی، محمد وسیم نے کہا کہ جلد وکٹیں حاصل کرنے میں بولرز ناکام رہے۔
قومی ٹیم کے سابق اوپنر عمران فرحت نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا سسٹم تبدیل ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔
مزید پڑھیں: امید ہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی: کپتان
واضح رہے کہ برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کی 105 رنز کی اننگز بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔
خیال رہے کہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔