اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے امریکی منی ٹرانسفر کمپنی منی گرام انٹرنیشنل کے وفد نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے منی گرام انٹرنیشنل کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت منی گرام کے سی ای او مسٹر ولیم الیگزینڈر نے کی۔ مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبد الررزاق داؤد بھی ملاقات میں موجود ہیں۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے کمپنی کی ملکی معیشت میں دلچسپی اور کاروبار کے فروغ کی خواہش کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے رواں مالی سال ترسیلات میں نمایاں اضافے سے متعلق وفد کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آنے والے برسوں میں ترسیلات میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم نے بذریعہ قانونی چینلز ترسیلات پر حکومتی اقدامات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کی رقم وطن بھیجنے میں ہر ممکن سہولت کی یقین دہانی کروائی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ترسیلات میں بہتری کے لیے حکومت پرکشش پیکج پر کام کر رہی ہے، پاکستان کی معیشت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ مستقبل قریب میں پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔
A delegation of MoneyGram, headed by Mr. William Alexander Holmes, CEO, and Chairman, called on Prime Minister Imran Khan at PM Office today. Adviser Finance Dr. Abdul Hafeez Sheikh and Adviser Commerce Mr. Abdul Razzak Dawood were also present during the meeting. pic.twitter.com/oCKLWBGKzi
— Govt of Pakistan (@pid_gov) November 25, 2019
منی گرام انٹرنیشنل عالمی سطح پر تسلیم شدہ امریکی منی ٹرانسفر کمپنی ہے جو ترسیلات زر وطن بھجوانے میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی 200 سے زائد ممالک میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے گئے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر میں بھیجی گئی ترسیلات زر 14.4 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ڈالر رہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا اکتوبر ترسیلات زر کی شرح کم رہی اور اس عرصے کے دوران 1.82 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر رواں مالیسال کے پہلے 4 ماہ میں ترسیلات زر کا حجم 7 ارب 62 کروڑ ڈالر رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 22 ارب ڈالر ہوجانے کا امکان ہے۔ ستمبر میں ترسیلات زر میں کمی کے بعد اکتوبر میں ترسیلات میں دوبارہ بہتری آئی ہے۔