لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم حقیقی تبدیلی لانے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں، پنجاب کو وزیراعظم کے وژن کے مطابق مثالی صوبہ بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں کے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم حقیقی تبدیلی لانے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں، پنجاب کو وزیراعظم کے وژن کے مطابق مثالی صوبہ بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق ادوار میں ون مین شو کے ذریعے حکومت چلائی جاتی رہی، ماضی میں منتخب نمائندوں اور اسمبلی سے مشاورت کو نظرانداز کیا گیا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت نے اراکین اسمبلی کو پورا احترام دیا ہے، سابق حکومتوں نے ذاتی مفادات کی خاطر پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج کیا۔
عوام ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، عثمان بزدار
یاد رہے کہ دو روز قبل وزاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کو ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوام کی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاسی بے روزگار ذہن نشین رکھیں عوامی پذیرائی احتجاجی سیاست سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت سے ہی ملتی ہے، عوام کے مسترد شدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔