لاہور: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات، منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کیسز کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔
احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کے کیس میں حمزہ شہباز کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کردیں جبکہ نیب پراسکیوٹر کو منی لانڈرنگ کیس کا ریفرنس جلد دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف کے وکلا نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں ان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی جس میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف اپنے اور بھائی کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔
وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کی درخواست پاکستانی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ہے، عدالت نے مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
حمزہ شہباز شریف پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ چلنے پر برہم بھی ہوئے اور غصے میں اہلکاروں کو رکنے کا کہا جبکہ پولیس اہلکار حمزہ شہباز کی جھاڑ سن کر خاموشی سے پیچھے کھڑے رہ گئے۔ احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔