اسلام آباد: ابرارالحق کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہلال احمر ایک فلاحی ادارہ ہے، ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف رٹ قابل سماعت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے خلاف ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کی۔ ابرار الحق اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔
ابرارالحق کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہلال احمر ایک فلاحی ادارہ ہے، ہلال احمر کے چیئرمین کی تعیناتی کے خلاف رٹ قابل سماعت نہیں ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ قانون موجود ہے اس کی کوئی خلاف ورزی نہیں کرسکتا، ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت تک ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق کو جواب دینے کے لیے جمعرات تک مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ 18 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماجی کارکن اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر کی تعیناتی کا حکم معطل کر دیا تھا۔
عدالت نے سماعت کے دوران اٹارنی جنرل انور منصور سے استفسار کیا تھا کہ قانون بتائیں کہ کیا یہ تعیناتی خاص مدت کی تقرری ہوتی ہے۔