لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی دسمبر میں سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والے ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، سی ٹی اسکین میں حسن علی کی پسلیوں میں فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر کی آٹھویں اور نویں پسلی میں فریکچر ہوا ہے، ان کو فریکچر سے نجات کے لیے 6 ہفتے درکار ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی پیر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب کا آغاز کریں گے۔
مزید پڑھیں: حسن علی کمر کے بعد پسلیوں کی تکلیف کا شکار
یاد رہے کہ فاسٹ بولر ستمبر میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے اور وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز جبکہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں بھی شامل نہ ہوسکے۔
حسن علی پاکستان کی جانب سے 9 ٹیسٹ ، 53 ون ڈے اور 30 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں جب کہ انہوں نے آخری میچ آئی سی سی ورلڈ کپ میں 16 جون کو مانچسٹر میں بھارت کے خلاف کھیلا۔
رواں سیزن میں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلے راؤنڈ کا میچ کھیلا، انہوں نے سینٹرل پنجاب کی جانب سے سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔