اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے، جسے چاہیں تبدیل کر سکتے ہیں: فیاض چوہان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ جسے بھی چاہیں تبدیل کر سکتے ہیں، کام کو سست روی سے کرنے والے بیورو کریسی کے لوگوں کو سیدھا کرنے کے لیے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی سطح پر تقرری اور تبادلے معمول کی بات ہے، گزشتہ دور میں شہباز شریف یہی کرتے رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ یہ وزیر اعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ جسے بھی چاہیں تبدیل کر سکتے ہیں، یہ تقرریاں اور تبادلے بزدار حکومت کو مزید مضبوط بنائیں گے اس لیے آئی جی اور چیف سیکریٹری کو تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی میں 5 فیصد ایسے افسران موجود ہیں جو ہماری حکومت کو ناکام بنانا چاہتے ہیں اور حکومت کے لیے مسائل کھڑے کرتے ہیں۔ پہلے ایسے افسران کی تعداد 95 فیصد تھی جن کی سیاسی وابستگیاں مسلم لیگ ن کے ساتھ تھیں اور انہیں شاید یہ غلط فہمی تھی کہ شہباز شریف کی حکومت واپس آئے گی۔

فیاض چوہان نے کہا کہ بیورو کریسی کے ایسے تمام لوگوں کو سیدھا کرنے کے لیے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے، ہمیں پہلی مرتبہ حکومت ملی ہے اس لیے ہمیں اتنے مسائل درپیش ہیں۔ ہم امید کر رہے ہیں کہ ان تبدیلیوں کے بعد بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی کے مخصوص افسران نے ’گو سلو‘ یعنی فائلز کو آگے بروقت نا بھیجنا یا حکومتی پالیسوں پر عمل درآمد نہ کرنے کی پالیسی کے تحت کام کیا جس نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں