لاہور : پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ عوام احسن اقبال جیسے جعلی ارسطو اورسیاسی بہروپیوں پر اعتبار نہیں کرتے ن لیگی رہنما پی ٹی آئی پر بےبنیاد الزامات لگا کر قوم کو گمراہ نہیں کرسکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع سے ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ ن لیگی رہنما احسن اقبال جھوٹا واویلا کرنا اور رونا دھونا بند کریں، وزیر اعظم عمران خان اِن کرپٹ اور بد دیانت ٹولے سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی کا حساب لیں گے، کئی دہائیوں تک پاکستان پر حکمرانی کرنے والے آج معصوم بنے پھر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ ناکام لیگ تھی ناکام ہے اور ناکام ہی رہے گی، عوام کا خون چوسنے والے آج عوام کے جھوٹے ہمدرد نہ بنیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کوصحیح سمت پرڈال دیا ہے، ملکی معیشت، اسٹاک ایکسچینج میں بہتری اور کرنٹ خسارہ ختم ہوچکا ہے، ملکی معیشت کو ڈبونے اور خالی خزانہ دے کر جانے والوں کی تنقید بلاجواز ہے۔
پی ٹی آئی حکومت ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالے گی اور پاکستان کا اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام واپس دلوائےگی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ آزاد خارجہ پالیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ادارے اپنا کام آزادانہ کررہے ہیں اوربلاتفریق احتساب کا عمل جاری ہے جس کی وجہ سے پیپلزپارٹی اور ن لیگ والوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔