اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ جعلی ادویات کا دھندا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، ملک کو جعلی وغیرقانونی، غیرمعیاری ادویات سے پاک کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف 10 میں سینئر ڈرگ انسپکٹر نے ادویات کےغیر قانونی گودام پر چھاپہ مارا، 65 غیرقانونی و اسمگلڈ ادویات کا اسٹاک ضبط کر کے گودام کو سیل کر دیا گیا۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ قانون شکن عناصرکے خلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، جعلی ادویات کا دھندا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک کو جعلی وغیرقانونی، غیرمعیاری ادویات سے پاک کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی دواؤں کے خلاف جڑواں شہروں میں کریک ڈاؤن کے دوران کروڑوں روپے کی دوائیں برآمد کرکے گودام سیل کر دیے تھے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ دوائیں جانوروں کے لیے استعمال ہونے والے اجزاء سے بنائی جا رہی تھیں اور فیکٹری بھی گھر میں لگائی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اگر غیرملکی پراڈکٹس کی رسیدیں فراہم کرنے میں ناکام رہے تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔