بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پاکستان کا مستقبل علم، سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل علم، سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ سوشل سائنسز کی تعلیم ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کیپٹل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لوگوں نے سوچا بھی نہیں تھا مگر ہم نے پانی پر ریسرچ کی۔ پاکستان ان 7 ممالک میں شامل ہے جو ایٹمی طاقت ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خلا میں مشن بھیجنے کی بات پر لوگوں کا منہ کھلا رہ جاتا تھا۔ پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک تھا جہاں موبائل فون آیا۔ پاکستان ایشیا میں دوسرا ملک ہے جس نے خلا میں راکٹ بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل علم، سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے، سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ سوشل سائنسز کی تعلیم ضروری ہے۔ جب ہم نے سپارکو بنایا تو چین اور بھارت خلائی پروگرام کی گنتی میں نہیں تھے۔ 70 کی دہائی میں افغان جنگ میں شامل ہونے پر ہماری توجہ ہٹ گئی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ دے رہے ہیں۔ گزشتہ 8 ماہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے بجٹ میں 600 گنا اضافہ ہوا۔ انجینئرز اور سائنسدانوں کے لیے نوکریوں کے بہت سارے مواقع ہیں۔

تقریب کے بعد فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیاسی حالات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن پرکوئی ڈیڈ لاک نہیں، پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نواز شریف سے بات کر کے فیصلہ کرنا چاہے تو یہ ان کی مرضی ہے، الیکشن کمشنر کے ریٹائر ہونے کے بعد 45 دن کا وقت ہوتا ہے۔ نواز شریف ڈاکٹر کی رائے پر باہر گئے حکومت کا عمل دخل نہیں۔ زرداری کے معاملے پر بھی ڈاکٹرز کی رائے پر معاملہ آگے بڑھے گا۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں، یہ لوگ ہمت پکڑیں اور باقی لوگ بھی پیسے دیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں