بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، شہر کا موسم خوش گوار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث شہر کا موسم نہایت خوش گوار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں علی الصبح مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے باعث موسم سرد اور خوش گوار ہو گیا، محکمہ موسمیات نے آج موسم خشک اور مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

آج صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی، کراچی کے علاقوں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی جب کہ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن میں بوندا باندی ہوئی، جس کی وجہ سے موسم مزید خوش گوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا 20 کلو میٹر کی رفتار سے چل رہی ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 35 فی صد ہے۔

محکمہ موسمیات نے آیندہ چوبیس گھںٹوں میں بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ اسکردو میں آج پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔

ادھر لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے، قومی شاہراہ پر لاہور، چوہنگ، موہلنوال، مراکہ کے علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے، مانگا منڈی، دینہ ناتھ، پھول نگر، جمبر، پتوکی اور حبیب آباد میں بھی دھند کا راج ہے، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر تک ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں