لاہور : پی ایس ایل سیزن 5 کے پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب جاری ہے، مالک کراچی کنگز سلمان اقبال نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ کراچی کنگز میں اچھے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کھلاڑیوں کے ڈرافٹنگ کی تقریب کا آغاز ہوچکا ہے جس میں پاکستان سپر لیگ کی 6 ٹیمیں کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی، ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کی پہلی باری کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہوگی۔
مالک کراچی کنگز و سی ای او اے آر وائی ڈیجیٹل سلمان اقبال، صدر کراچی کنگز وسیم اکرم اور ہیڈ کوچ ڈین جونز بھی اس موقع پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موجود ہیں۔
مالک کراچی کنگز سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ پچھلے ہر سیزن میں کپتان کے معاملے پر ہم پریشان رہے ہیں، کوشش کریں گے کراچی کنگز میں اچھے کھلاڑیوں کو منتخب کریں۔
سلمان اقبال نے تقریب کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خواب تھا کہ تمام میچز پاکستان میں ہوں اور ہمارا خواب پورا ہونے جارہا ہے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔
مالک کراچی کنگز کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہوگی کہ کراچی کنگز کےلیے اچھی ٹیم کا نتخاب کریں، کراچی کنگز کی ٹیم میں 7 کھلاڑی برقرار رکھیں گے جبکہ عماد وسیم کپتان اور بابر اعظم کراچی کنگز کے نائب کپتان ہوں گے۔
اس موقع پر صدر کراچی کنگز وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، سلمان اقبال نے درست کہا ہمیں مستقل کپتان رکھنا چاہیے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ڈین جونز اچھے کوچ ہیں انہیں معلوم ہے کہ اسٹریٹجی کیسے بنانی چاہیے، کپتان اور کوچ بدلنے سے ٹیم نہیں بدلتی، کسی بھی ایک کوچ یا کپتان کے ایک ٹور سے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔
ہیڈ کوچ ڈین جونز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔