بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پروپیگنڈے کا حقائق اور دلیل پر مبنی جواب دیا جائے: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ملکی و بیرونی پروپیگنڈے کا حقائق اور دلیل پر مبنی جواب دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت اطلاعات و نشریات میں اصلاحات اور پی آئی ڈی کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور سیکریٹری اطلاعات شریک ہوئے۔ اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کے لیے وزارت کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں معاشی ترقی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں پی آئی ڈی کے کردار، وزارت اطلاعات کی کارکردگی اور افرادی قوت پر بریفنگ دی گئی۔

وزارتوں میں ہم آہنگی مؤثر بنانے اور ڈیجیٹل میڈیا ٹیکنالوجی کے استعمال پر تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہونے کی حیثیت سے اہم کردار کا حامل ہے، حکومتی اقدامات پر رائے عامہ قائم کرنے میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کی وزارت اطلاعات منصوبوں اور معاشی ترقی اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ خارجہ امور میں پاکستان کی اقوام عالم میں ابھرتی حیثیت کو بہتر پیش کیا جائے۔

وزیر اعظم نے وزارت اطلاعات کو جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی جبکہ سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی و بیرونی پروپیگنڈے کا حقائق اور دلیل پر مبنی جواب دیا جائے۔ انہوں نے معاون خصوصی برائے اطلاعات کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں