اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی کشتی لڑکھڑائی ضرور تھی مگر اب سنبھل گئی ہے۔
کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان می معیشت اب مستحکم ہوگئی، اصل ترقی وہ ہے جس میں کروڑوں لوگ شریک ہوں اور ملک کا ہر شخص اپنے پیروں پر کھڑا ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کا کامیاب جوان پروگرام ملک کے ہر نوجوان کے لیے ہے، ملکی معیشت میں اس پروگرام کا کلیدی کردار ہے۔ پروگرام کے تحت قرضےایمانداری سےدیئےجائیں گے اور پیسہ واپس بھی آئے گا۔
مزید پڑھیں: حکومت کا کام روزگار پیدا کرنا اور رکاوٹیں ختم کرنا ہوتا ہے، وزیراعظم
بعد ازاں تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ منصوبہ شروعات ہے انشاء اللہ مستقبل میں مزید منصوبے آئیں گے، کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کا بہت زیادہ خیال رکھا جائے گا‘۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے قرضوں کے لیے درخواستیں دیں، پروگرام کی بڑی بات یہ ہے کہ حکومت سہولت فراہم کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو دیکھیں ان پر فخر ہوگا، بیرون ملک ہر شعبے میں آپ کو کامیاب پاکستانی ملیں گے، ہم نے اسی طرح پروگرام میں میرٹ کو سامنے رکھنا ہے، کمپیوٹرائز پروگرام کی وجہ سے منصوبہ شفاف ہوگا۔