کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج طارق روڈ اور بہادرآباد سے متصل شہید ملت انڈر پاسز کا افتتاح کردیا، 2 انڈر پاسز ایک ارب 22کروڑ روپے سےتعمیر ہوئے ہیں، ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ شہیدملت روڈپرانڈرپاسزسندھ حکومت کا شہریوں کےلئے تحفہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نےایک اور وعدہ پوراکردیا ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے طارق روڈ انٹر سیکشن انڈر پاس کاافتتاح کردیا، جس کے بعد انٹرسیکشن انڈرپاس کوٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا دونوں انڈر پاسزپرایک ارب 22کروڑ روپے لاگت آئی ہے، کورنگی ہینو چورنگی تایونیورسٹی روڈ جیل چورنگی 10 کلومیٹر کا کوریڈور سگنل فری ہوگا، شہیدملت روڈپرانڈرپاسزسندھ حکومت کا شہریوں کےلئے تحفہ ہے۔
طارق روڈ انڈر پاس ساڑھے پانچ سومیٹر جبکہ ِہل پارک انٹرسیکشن پر تعمیر ہونے والا انڈر پاس ساڑھے سات سو میٹر طویل ہے، انڈر پاسز میں حائل پانچ ٹریفک سگنلز کو مکمل طورپرختم کردیاگیاہے اور اطراف میں نئی سڑکیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں کراچی کے مختلف منصوبوں پراجلاس ہوا ، جس میں مرادعلی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نےگزشتہ مالی سال بہت سےمیگا پروجیکٹس شروع کیے اور چند سال میں میگا پروجیکٹس کی فہرست مکمل کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا طارق روڈ انڈر پاس 589.9 ملین روپے کا پراجیکٹ ہے ، رانا لیاقت علی فلائی اوور668.2 ملین سے 7 ماہ میں مکمل ہوئی جبکہ ٹیپوسلطان روڈ کی تعمیر نو 308.6 ملین سے 5 ماہ میں کی گئی اور سب میرین چورنگی انڈر پاس 460 ملین سے مکمل ہوا۔