تازہ ترین

ن لیگ کی مرکزی قیادت کی لندن کے ریسٹورنٹ میں بیٹھک

لندن: مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے برطانوی دارالحکومت میں بیٹھک سجائی، یہ اجلاس ایجویئر روڈ پر مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا گیا، جس میں شہباز شریف، ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، پرویزرشید، اسحاق ڈار، خرم دستگیر، مریم اورنگ زیب اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کی عیادت کی، شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کے ذاتی معالج نے رہنماؤں کو بریفنگ دی، لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اتفاق رائے چاہتے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت سے ماضی قریب کا تجربہ مایوس کن ہے، نواز شریف صحت یابی کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے سے پاکستان جائیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اجلاس میں پارلیمنٹ میں درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی، مشاورت کی گئی کہ ملک واپس آ کر معاملات کو دیکھیں گے، شہباز شریف سے رہنمائی لی، واپس جا کر حکمت عملی طے کریں گے، نئے الیکشن کے لیے پہلا مرحلہ ان ہاؤس تبدیلی ہے، اہم مسئلہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کے معاملے کو حکومت نے الجھایا ہے، حکومت نے الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر مشاورت میں تاخیر کی، تاحال مشاورت شروع نہیں ہوئی، بجلی کے بل میں 4 سے 5 بار اضافہ کیا گیا ہے، ن لیگ دیگر جماعتوں سے مل کر مہنگائی کے خلاف احتجاج کرے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کارکردگی چھپانے کے لیے اپوزیشن کی کردار کشی کرتی ہے، وزیر اعظم کشمیر کو چھوڑ کر دوسرے ملکوں کی ثالثی کرا رہے ہیں، حکومت ترمیم کے لیے سنجیدہ ہے تو اپوزیشن سے تعاون کرنا ہوگا۔

Comments

- Advertisement -