کیپ ٹاؤن : آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 جنوری 17 سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جو 9 فروری تک جاری رہے گا۔ 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ سال17 جنوری سے شروع ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ 9 فروری کو ہوگا۔
ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف اسٹروم میں کھیلا جائے گا۔
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22 جنوری کو زمباوے کے خلاف بلوم فاؤنٹین میں کھیلے گی جبکہ گروپ مرحلے میں پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا، دونوں ٹیمیں 24 جنوری کو جے پی مارک اوول میں مدمقابل آئیں گی۔
ہر گروپ سے 2 بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چمپئن شپ کےلئے نبردآزمائی کریں گی۔
ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری کو ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
مزید پڑھیں : انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان
خیال رہے کہ قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا ایک روز قبل اعلان کیا تھا، روحیل نذیر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں حیدر علی نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے، فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
قومی انڈر 19 ٹیم میں روحیل نذیر، حیدر علی، نسیم شاہ، عباس آفریدی، عبدالوحید، عامر علی، عامر خان، عرش علی خان، فہد منیر، محمد حارث، محمد حریرا، محمد عرفان خان، محمد شہزاد، قاسم اکرم اور طاہر حسین شامل ہیں۔