اشتہار

جدہ کے گوداموں میں ہولناک آتشزدگی

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: جدہ کے جنوبی علاقے میں اتوار کی شب گوداموں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں گوداموں میں رکھا تمام سامان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جدہ کے جنوبی علاقے میں اتوار کی شب گوداموں میں لگنے والی آگ پر رات گئے قابو پالیا گیا، آتشزدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے کہا ہے کہ آگ گاڑیوں کے پارٹس اور لکڑی کے فرنیچر کے گودام میں لگی، آتشزدگی سے گوداموں میں رکھا تمام سامان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

- Advertisement -

کرنل سرحان کے مطابق دیگر گوداموں کو بچانے کے لیے فائر فائٹرز نے جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے دیگر گوداموں پر مخصوص فوم کا اسپرے کردیا تاکہ آگ مزید نہ پھیل سکے۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر کے گودام کے ساتھ ہی گاڑیوں کے پارٹس کا گودام تھا جہاں مختلف قسم کا آئل اور ربڑ کی اشیا ہونے کی وجہ سے فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ گوداموں میں آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اس سے بلند ہونے والے شعلوں کو میلوں دور تک دیکھا گیا۔

شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

کرنل سرحان کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں عام طور پر لوگ گیزر اور ہیٹر کا استعمال زیادہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوجاتا ہے، لوگوں کو چاہئے کہ ہیٹر استعمال کرنے سے قبل تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں جبکہ گیزر کی بھی چیکنگ کرتے رہیں تاکہ کسی مشکل صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں