پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ سوات اور گردونواح میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زلزلے کی زمین میں گہرائی 31 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا، زلزلے کے باعث کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے گھروں سے باہر آگئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔
سوات اور گردونواح میں 4.4 شدت کا زلزلہ
اس سے قبل رواں سال 29 اکتوبر کو صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر سوات اور اس کے گرد ونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔