کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعہ سےسردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا آج کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے داخل ہونیوالابارش کا سسٹم کراچی میں موجود ہے ، جس کے باعث شہر میں آج کہیں کہیں بوندا باندی،ہلکی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں مغربی سسٹم سے شہر میں ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہوگیا، صدر، سرجانی ٹاؤن، گلشن اقبال، گڈاپ ٹاؤن، سہراب گوٹھ میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ سپرہائی وے، بہادر آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ پر وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعہ سےسردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ بارش برسانے والاسسٹم آج رات تک کراچی سے نکل جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم دن بھر ابر آلود اور خشک رہے گا جبکہ کم سےکم درجہ حرارت 18.5ڈگری ریکارڈکیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے9 کلو میٹر رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں آج کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کوئٹہ،لاہور،اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقا مات پر موسلادھار بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔