تازہ ترین

بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے، مودی کے ہندو بالا دستی کے ایجنڈے سے جنگ اور خون خرابے کا خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی الحاق اور محاصرہ کر رکھا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے آسام کے 2 ملین مسلمانوں کو شہریت سے محروم کیا اور اب مودی سرکار نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کرلیا۔ بھارت میں مسلمان غیر مسلم ہجوم کا نشانہ بھی بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا چاہیئے نازی جرمنی میں نسل کشی کا ایجنڈا جنگ عظیم دوئم کا سبب بنا، مودی کا بھی ہندو بالا دستی کا ایجنڈا ہے، پاکستان کو دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔ اس سب کا نتیجہ خون خرابہ اور طویل مدت اثرات کی شکل میں ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نازی جرمنی کی طرح مودی کے بھارت میں بھی مخالفین کو دبایا جا رہا ہے۔ مودی کے ہندو بالا دستی کے ایجنڈے سے جنگ اور خون خرابے کا خطرہ ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے دنیا کو مودی کے ایجنڈے پر ایکشن لینا چاہیئے۔

 

خیال رہے کہ دو روز قبل بھارتی لوک سبھا میں شہریت کا متنازعہ بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا۔

اس قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی، بل کے حق میں 293 ووٹ آئے جبکہ 82 اراکین اسمبلی نے اسے مسترد کردیا۔

ترمیمی شہریت بل سے آسام میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیر لاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔

Comments

- Advertisement -