کراچی :پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکراگیا ، طیارے سے چوبیس گھنٹوں کے دوران پرندا ٹکرانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے301حادثے سے بال بال بچ گئی ، لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکراگیا، جس کے باعث پی آئی اے کے ایئربس 320طیارے کو نقصان پہنچا تاہم کپتان نے طیارے کو باحفاظت کراچی ایئرپورٹ اتار لیا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کو گراونڈ کردیا گیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت و لاپرواہی کے باعث جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے مسلسل واقعات پیش آرہے ہیں ، ایئرپورٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر ہونے کی وجہ سے پرندوں کی آمجگاہ بن رہی ہے ، ضلعی انتظامیہ کو متعدد بارآگاہ کیا گیا کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔
خیال رہے پی آئی اے کے طیارے سے چوبیس گھنٹوں کے دوران پرندا ٹکرانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز بھی کراچی سے لاہور پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 بڑے حادثے سے بچ گئی تھی ، ایئربس 320 کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تھا ، جس کے باعث بی ایم ایکس رجسٹریشن کے حامل طیارے کے انجن کو نقصان پہنچا لیکن کپتان نے مہارت سے طیارے کو باحفاظت واپس کراچی ایئرپورٹ اتار لیا تھا۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا
پی آئی اے نے کچھ دن قبل ایئربس320نئے طیارےکوبیڑے میں شامل کیاتھا۔
اس سے ایک روز قبل باچا خان ایئرپورٹ پشاور پر نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 550 سے ایک پرندہ ٹکرا گیا تھا، پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کے دائیں انجن کو نقصان پہنچا طیارہ لڑکھڑانے کے باوجود کپتان نے کمال مہارت سے طیارے کو بحفاظت زمین پر اتار لیا تھا۔
خیال رہے اگر جہاز سے پرندہ ٹکرا جائے تو یہ بات کوئی معمولی نہیں ہوتی بلکہ بڑے حادثے کا سبب بنتی ہے، دنیا بھر کے ایئر پورٹس کی سول ایو ایشن انتظامیہ رن وے سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے برڈ شوٹر تعینات بھی کرتی ہے تاکہ جہازوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔