اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملازمین کی تنخواہوں کے معاملات منظم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو درپیش مسائل کا موثر حل یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ، وزارت ہاؤسنگ سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ، سیکریٹری ہاؤسنگ، سیکریٹری خزانہ نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو ادارے میں بہتری کے لیے وزارت کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملازمین کی تنخواہوں کے معاملات منظم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو درپیش مسائل کا موثر حل یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کو پی ڈبلیو ڈی کی کارکردگی، افرادی قوت کے مؤثر استعمال پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 46 منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، 36 منصوبوں کو مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو کراچی اور مری میں واقع وزارتِ ہاؤسنگ کی قیمتی املاک پر بھی بریفنگ دی گئی، سرکاری ملازمین کے لئے رہائش گاہوں کی کمی کو پورا کرنے کے اقدامات اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں تعمیر سرکاری گھروں کے مثبت استعمال پر بھی مشاورت کی گئی۔