اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کمرہ عدالت میں ہنگامہ آرائی پر سیکرٹری بار ایسوسی ایشن عمیر بلوچ کا وکالت کا لائسنس معطل کرتے ہوئے توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بڑا فیصلہ سنادیا، پی آئی سی واقعے پر وکلاء کی ہڑتال پر ہائیکورٹ میں وکلا کو زبردستی عدالتوں سے باہر نکالنے، عدالتی امور میں رکاوٹیں ڈالنے اور ہنگامہ آرائی پر سیکرٹری بار ایسوسی ایشن عمیربلوچ کا آئندہ سماعت تک وکالت کا لائسنس ہائیکورٹ کی حدتک معطل کردیا جب کہ سیکرٹری بار ایسوسی ایشن عمیر بلوچ کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی سی حملہ کیس؛ گرفتار وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا
عدالت نے وائس چیئرمین پاکستان بار، صدرسپریم کورٹ بار، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 دسمبر کو طلب کرلیا، عدالت نے سیکرٹری بار ایسوسی ایشن عمیر بلوچ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالتی کارروائی کےدوران عمیربلوچ نےوکلا کو زبردستی باہرنکالا، عمیربلوچ روسٹرم پر آئے ان کا رویہ پیشہ ورانہ نہیں تھا اس لیے عدالتی کارروائی میں مداخلت پرکیوں نہ توہین عدالت کارروائی کریں۔